لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی فضا کو بحال رکھنے کے لیے اپنے ماتحت پولیس افسران کو کاٹیجنسی پلان تربیت دینے کے متعلق سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا ہے کہ شہر کے ہر چوک چوراہے اور خرید و فروخت والی جگہوں پر پولیس رپورٹنگ سینٹرز قائم کرنے اور نماز تراویح کے وقت مساجدوں سمیت دیگر مذہبی عبادتگاہوں پر سخت حفاظتی انتظامات کرکے کورونا ایس او پیز پر بھرپور عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک، اے ایس پی سٹی احمد فیصل چودھری سمیت تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں داخلی و خارجی راستوں پر سخت اسنیپ چیکنگ، مسلسل پیٹرولنگ اور گشت میں اضافہ کرنے اور ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے متعلق سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے لیے ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا کہ شہریوں کو کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے، ایس ایس پی لاڑکانہ کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک جیسا بابرکت مہینہ ہمیں صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے اس لیے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرکے اپنی ڈیوٹی اور فرائض کو عبادت سمجھہ کر سرانجام دیں۔