کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اہم ترین اجلاس کا پہلا سیشن کسی حتمی نتیجے پرپہنچے بغیر اتوارکی شب 9بجے اختتام ہوگیا،پی ڈی ایم میں شامل رہنے کے لیے پیپلزپارٹی آج اپنی شرائط طے کرنے اورپی ڈی ایم قیادت کوایک موقع دینے سے متعلق فیصلہ کرے گی ،اجلاس میں طے پایا کہ سی ای سی کودوسرا سیشن 12 اپریل پیرکو بھی جاری رہے گا جس کے بعد سی ای سی میں ہونے والے اہم فیصلوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلاول نے پی ڈی ایم کی جانب سے بھیجا گیا شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی پی پی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول کی سربراہی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس میں 50 سے زاید اراکین نے شرکت کی۔ معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای سی اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کا نوٹس پھاڑے جانے کی خبرلیک ہونے کے بعد پی ڈی ایم
میں شامل بعض اہم شخصیات نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے رابطہ کیا جس کے بعد پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ڈی ایم سے متعلق فیصلے پرنظرثانی کی یقین دہانی کرائی گئی،قبل ازیں سی ای سی اجلاس کے شرکا نے پیپلزپارٹی کی قیادت کوتجویز پیش کی کہ انہیں فوری طورپرپی ڈی ایم سے الگ نہیں ہونا چاہیے،پی ڈی ایم کی بانی جماعت پیپلزپارٹی ہے اور2جماعتوں نے اسے ہائی جیک کرنے کی کوشش کی ہے جس کا مقابلہ کیا جانا چاہیے۔دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک سیاسی شخصیت نے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت کوپی ڈی ایم میں شامل رہنے کا مشورہ دیا اورتجویز پیش کی کہ اپوزیشن جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پرمتحد رکھا جائے۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم سے علیحدگی اوراس میں شامل رہنے کے معاملے پرپیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں مشاورت کا دائرہ مزید وسیع کرنے پراتفاق کے پیش نظرسی ای سی اجلاس کا دوسرا شیشن پیرکے روز رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی جسے مسترد کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز سی ای سی کے دوسرے سیشن میں پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کا حصہ رہنے کے لیے اپنی شرائط طے کرے گی جوپی ڈی ایم قیادت کوپیش کی جائیں گی، پہلے روز کے اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی مشروط طورپرہی پی ڈی ایم میں شامل رہ سکتی ہے اگرپی ڈی ایم کی قیادت کی طرف سے پیپلزپارٹی سے متعلق رویے پرنظرثانی نہ کی گئی تواس کے بعد پیپلزپارٹی اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی۔