پشاور، لاہور، فیصل آباد میں “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا آغاز

543

وزیراعظم عمران خان نے لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا آغاز کردیا۔

پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پشاور، لاہور اور فیصل آبادمیں پروگرام شروع کردیا، اس پروگرام سےمستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہو سکےگا۔

عمران خان نے کہا کہ پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے۔ موبائل کچن کے ذریعے غریب افراد کو کھانا فراہم کیا جائےگا۔ جہاں جہاں بھوکے لوگ ہیں وہاں سروس فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی طرف سےغریب روٹی کھائیں گے تو پاکستان میں برکت آئے گی۔ پاکستان زیادہ خیرات دینے والے چند ملکوں میں شامل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پورے ملک کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ اسلام آباد میں پہلی بار آبادی کو ہیلتھ کوریج دے رہے ہیں، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں صحت کارڈ دیے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ سے اسپتالوں میں مقابلے کا رجحان ہوگا جس سے معیار بہتر ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے تاریخی جنگ لڑ رہی ہے۔