عدالت عظمیٰ: کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری، 6بینچ سماعت کرینگے

316

اسلام آباد (آن لائن/ اے پی پی) سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلیے آئندہ عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت عظمی سے جاری ججز روسٹر کے مطابق12 تا 16 اپریل کے دوران 6 بینچز مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔ کاز لسٹ کے مطابق جعلی بینک اکائونٹس کیس کے ملزمان طحہٰ رضا اور حسین لوائی کی ضمانت سے متعلق دائردرخواستوں پر سماعت کل (12 اپریل) ہوگی، کورٹ مارشل کیخلاف آرمی افسران کی جانب سے دائر درخواستوں، ایف 8 کچہری فٹ بال گرائونڈ خالی کرانے اور وکلا کے غیر قانونی چیمبرز گرانے سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر دائر نظر ثانی درخواست اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس کی سماعت منگل کو ہوگی۔ زیر زمین پانی کے استعمال سے متعلق ازخود نوٹس کیس پر سماعت بدھ کو ہوگی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست، خورشید شاہ، ان کی اہلیہ، داماد اور دیگر ملوث فریقین کی ضمانت کیخلاف نیب اپیلوں، اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی رکن قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف بطور چیئرمین تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی اپیل، نجی کاروباری مرکز سینٹورس مال تجاوزات کیس اور اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔عدالت عظمیٰ کا بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہوگا، بینچ 2 جسٹس مشیر عالم، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین، بینچ 3 جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر اور جسٹس سجاد علی شاہ، بینچ 4 جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود، بینچ 5 جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل جبکہ بینچ 6 جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہوگا۔