زارا محمد برطانیہ کی مسلم کونسل کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل منتخب

173

زارا محمد انسانی حقوق کے قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں اور اس سے قبل ایم سی بی کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل رہ چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے حریف کو 64 فیصد ووٹوں سے شکست دی۔ان کا کہنا تھا: ’میرا ویژن کے کہ ایک جامع ، متنوع اور نمائندہ ادارہ قائم کرنے پر کام جاری رہے۔ ایک ایسا ادارہ جو عام مفاد اور برطانوی مسلمانوں کی ضروریات کے لیے کارگر ہو۔
انہوں نے مزید کہاکہ پہلی خاتون سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ اس سے متاثر ہو کر مزید نوجوان اور خواتین قائدانہ کردار میں سامنے آئیںگے۔ وہ اس ادارے اور معاشرے کا مستقبل ہیں۔
زارا محمد نے کہاکہ خواتین کبھی کبھی قائدانہ کردار سے ہچکچاتی ہیں حالانکہ وہ اس کی اہل ہوتی ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں کو اور خواتین کو اپنے ادارے کے کام میں زیادہ سے زیادہ شامل کریں اور ادارے میں تنوع لائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی مسلم کمیونٹی خواتین اور نوجوان ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کورونا وائرس کی وبا نسلی اقلیتوں پر زیادہ اثر انداز ہوئی ہے اور برطانیہ میں ’بہت زیادہ اسلامو فوبیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سب سے نمٹنے کے لیے ایم سی بی نے رہنمائی کا کردار ادا کیا ہے، مگر ابھی مزید کرنے کی ضرورت ہے۔وہ ہارون خان کی جگہ سیکرٹری جنرل بنی ہیں جن کی چار سالہ مدت ختم ہوگئی ہے۔
نئی سیکرٹری جنرل کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہارون خان نے کہاکہ اکثریتی ووٹ سے زارا کا منتخب ہونا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے اراکین کو ان پر بھروسہ ہے کہ وہ ادارے کی رہنمائی کر سکتی ہیں۔‘