خواتین جب اپنی عملی زندگی میں قدم رکھتی ہیں تو بیک وقت وہ کئ کرداروں سے نبرد آزما ہوتی ہیں. نئ نسل کو پروان چڑھانا، خاندان کو ایک لڑی میں پرو کر رکھنا، سب کا خیال رکھنا اور پھر یوں اتنی ذمہ داریوں میں رہ کر جس کا وہ خیال نہیں رکھتیں وہ ان کی اپنی ذات ہوتی ہے. تو آئیں آج سے کچھ وقت اپنے لیے بھی نکالتے ہیں.
*صحت کا خیال*
ایمان کے بعد سب سے بڑی نعمت صحت ہے اور صحت مند انسان اپنی ذمہ داریاں زیادہ بہتر طریقے سے ادا کر سکتا ہے۔ ذہنی اور جسمانی دونوں طرح کی صحت کا خیال بہت ضروری ہے.
*ناشتہ کرنا*
زیادہ تر خواتین صبح کی افراتفری میں ناشتہ چھوڑ دیتیں ہیں جو صحت کے لئے بہت خطرناک ہے. کوشش کریں صبح اٹھنے کے بعد آدھے گھنٹے اندر ناشتہ کر لیں اس سے ناشتے کی افادیت قائم رہتی ہے.
صبح ناشتے میں اگر جو کا دلیہ، کھجور، کوئی پھل اور بوائل انڈہ شامل کر لیں تو یہ بہترین غذا ہیں اور آپکو پورے دن کے لیے طاقت فراہم کرتے ہیں.
*متوازن غذا*
اگر آپ ہمیشہ تروتازہ اور صحت مند رہنا چاہتی ہیں تو اپنی غذا پر دھیان دیں. بازاری اور آئلی چیزوں سے پرہیز کریں. پانی زیادہ پیئں، پانی جسم کی اہم ضرورت ہے اور صحیح مقدار میں پانی پینے سے صحت کے بہت سے مسائل بچ سکتے ہیں. روزانہ ایک پھل، ایک کٹورہ دہی اور ہری سبزیوں پر مشتمل سلاد کا پیالہ اپنی روٹین میں شامل کریں یہ چیزیں آپکو ہمیشہ صحت مند رہنے میں مدد کریں گی. کپڑوں جوتوں یا دیگر چیزوں پر بےجا خرچ کرنے کے بجائے اپنی متوازن غذا پر خرچ کو اپنی ترجیح بنائیں۔
*ورزش کرنا*
ورزش کرنے کے بڑےفائدے ہیں اور ورزش ذہنی اور جسمانی صحت دونوں کے لئے ضروری ہے. اگر کسی گاڑی کو لا کر کھڑا کر دیا جائے تو آہستہ آہستہ وہ زنگ آلود ہو جائے گی اسی طرح اگر ہم ورزش نہیں کرتے تو آہستہ آہستہ صحت سے متعلق ان گنت مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں. اسی لئے ورزش کو اپنے معمول میں شامل کرلیں یا کم از کم ہفتے میں تین بار آدھے گھنٹے کی ورزش کریں اس سے آپ اپنے آپ کو چاق و چوبند رکھ سکتی ہیں. اس کے ساتھ ساتھ پندرہ منٹ دھوپ ضرور سینکیں اس سے آپکے جسم کو قدرتی طریقے سے وٹامن ڈی حاصل ہوگا۔
*بھرپور نیند*
گھر بھر میں سب سے پہلے جاگنے والی اور سب سے آخر میں سونے والی خاتون خانہ ہوتی ہیں. کم اور خراب نیند سے چڑچڑا پن ہوتا ہے. ماہرین صحت کے مطابق ایک عام انسان کو آٹھ گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ رات ٩ بجے سے صبح ٤ بجے تک کا وقت مکمل اور اور بھرپور نیند کے لئے بہترین ہوتا ہے اس لئے کوشش کر کے رات جلد سونے کی عادت ڈالیں. دوپہر میں بھی آدھے گھنٹے کے قیلولہ کو اپنا معمول بنا لیں. قیلولہ سنت نبوی بھی ہے اور اس سے آپ دوبارہ اپنے کاموں کے لیے تازہ دم ہو جائیں گی.
*اپنی پسند کا کھانا پکائیں*
سب کی پسند کا کھانا بناتے کب خواتین اپنی پسند بھول جاتی ہیں پتا ہی نہیں چلتا. ہفتے میں ایک دن اپنی پسند کا کھانا بنائیں اس سے آپ بہت اچھا محسوس کریں گی۔
*صحت مند سرگرمی اپنائیں* کوئی بھی اچھی سرگرمی اپنانے سے انسان ذہنی طور پر فٹ رہتا ہے اور اسکے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں. کتب بینی، کوکنگ، بیکنگ، باغبانی، یا جس چیز میں اپکا رجحان ہو وہ کریں. ۔
*اپنے آپ کو شاباشی دیں*
آپ بہت کچھ کر رہی ہیں اپنے آپ کو شاباشی دیں، اپنا کندھا تھپتھپائیں. اپنے کام مکمل ہونے پر شکر اور خوشی کا جذبہ محسوس کریں. دن میں دس سے پندرہ منٹ کسی پرسکون جگہ پر بیٹھیں اپنی چائے یا کافی کا کپ انجوائے کریں. کبھی اپنی کوئ پسندیدہ چیز اپنے آپ کو تحفہ میں دیں.
*وٹامنز لیں* خواتین میں اوسٹوپوسس یا ہڈیوں کے امراض میں مبتلا ہونے کی شرح مردوں سے زیادہ ہوتی ہے کیونکہ دوران حمل اور اس کے بعد کے عرصے میں بھی بھی وہ کیلشئم والی غذائیں ٹھیک سے نہیں لیتیں جس کی وجہ سے خواتین میں گھٹنوں کے درد کی شکایت عام ہوتی ہے اس لیے کیلشئم والی غذائیں لیں مثلاً دودھ انڈہ دہی لیکن پھر بھی اگر آپ کیلشئم اور وٹامنز کی کمی شکار ہوں تو ڈاکٹر کے مشورے سے وٹامنز کے سپلیمنٹ لیں تاکہ آپ اپنی آئندہ زندگی میں ہڈیوں کے امراض سے بچ سکیں۔
*مثبت رہیں، خوش رہیں* اصل میں صحت مند رہنے کا راز اسی میں پنہاں ہے کہ آپ خوش رہیں. اپنی خوشی کے لیے دوسروں پر انحصار نہ کریں۔ مسائل پر جلنے کڑھنے کے بجائے انکا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں اور نعمتوں پر شکر ادا کرنے کی عادت اپنائیں۔موجود نعمتوں پر شکر ادا کرنے سے آپکو دلی سکون اور حقیقی خوشی حاصل ہوگی.
یقیناً ان چھوٹی چھوٹی باتوں پر عمل درآمد سے اور اپنا خیال خود رکھنے سے آپ اپنے آپ کو پہلے سے زیادہ خوش اور صحت مند محسوس کریں گی۔