راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) صوبہ پنجاب میں ٹی بی کنٹرول پروگرام کے منیجرڈاکٹر محمد سعید اختر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے سے ٹی بی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ای ٹی بی موبائل ایپلی کیشن سے ٹی بی کے مریضوں کی نشاندہی ہو سکے گی، جو فارمیسیوں سے اینٹی ٹی بی کی دوائیں خرید رہے ہیں۔وہ نجی دواخانوں کے ذریعے ضلع راولپنڈی میں ٹی بی کے معاملات کی نشاندہی کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں حکومتی نمائندے، چیئرمین پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن پنجاب اور چیئرمین پاکستان کیمسٹ نے شرکت کی جبکہ دیگر محکموں اور تنظیموں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے شرکا کا آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر سے ٹی بی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی پہلی موبائل ایپلی کیشن (ای ٹی بی)کی مدد سے انسداد ٹی بی ادویات فروخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔