اسلام آ باد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں سرکاری نرخوں کی چیکنگ کے لیے مجسٹریٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، بالخصوص تمام منڈیوں میں فل ٹائم مجسٹریٹ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد 4 سے بڑھا کر 8 کی جائے اور ساتھ ہی عوام کے لیے ہیلپ لائن کا انتظام کیا جائے تاکہ عوام براہ راست اپنی شکایات اندراج کروا سکیں۔ہفتے کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے دفتر میں ماہ رمضان میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر حکمت عملی کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے وزیر اعظم کی ہدایت پر بنائی گئی حکمت عملی سے متعلق بریفننگ دی۔