سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 75 میں دوبارہ ہونے والے ضمنی الیکشن کے تمام 360 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیّدہ نوشین افتخار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار علی اسجد ملہی کو شکست دے کر میدان مار لیا۔تفصیلات کے مطابق این اے 75 کی پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5بجے تک جاری رہی، ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سیّدہ نوشین افتخار کے درمیان مقابلہ ہوا۔ این اے 75 کے حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار ہے جن کے لیے 360 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 47 کو حساس قرار دیا گیا ہے، پولنگ کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیے جبکہ پاک فوج کو سٹینڈ بائی کے طور پر رکھا گیا۔ پولنگ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیںآیا جبکہ پر امن پولنگ ہوئی۔ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نوشین افتخار نے ایک لاکھ 11 ہزار 220 ووٹ لیکر کامیابی ہوئیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علی اسجد ملہی نے 92 ہزار 19ووٹ حاصل کیے۔ الیکشن کمیشن نے تمام حلقوں کے نتائج موصول ہونے پر فارم 47 جاری کردیا۔واضح رہے کہ 19 فروری کو قومی اسمبلی کے حلقہ 75 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پرتشدد واقعات ہوئے تھے اور فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ضمنی انتخاب میں نتائج میں غیر ضروری تاخیر اور عملے کے لاپتا ہونے پر 20 پولنگ اسٹیشن کے نتائج میں ردو بدل کے خدشے کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے، وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی، جعلسازوں کی نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ شاباش ڈسکہ! شاباش ڈسکہ کے غیور اور بہادر عوام! شاباش نوشین! تم نے آج ایک بار پھر “ووٹ کو عزت دو” کی جنگ جیتی۔ مریم نواز نے کہا تھا کہ ساری دنیا پر واضح کر دیا کہ کس طرح 19 فروری کو کٹھ پتلی وزیراعظم کی نگرانی میں ووٹ کی عزت پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی۔لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ سن لو عوام کیا کہہ رہے ہیں۔ غربت مہنگائی اور بیروزگاری کے ستائے ہوئے عوام سے تمہیں کوئی نہیں بچا سکتا۔ ڈرو اپنے انجام سے!ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا بیانیہ جیت گیا۔ جب بھی منصفانہ الیکشن ہونگے جیت شیرکی ہی ہوگی۔ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے یاد رکھیں سابق وزیراعظم ایک نظریے کا نام ہے جو عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ اس جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے، وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی، جعلسازوں کی نہیں۔مسلسل ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ جہاں جہاں ووٹ پڑے گا الحمدللہ وہاں نوازشریف جیتے گا، عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب ووٹ چوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود جیت ووٹ کی ہوئی,جیت عوام کی ہوئی۔