کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئرنائب صدراورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ اداروں کا احترام دل سے ہوتا ہے، قانون کے ذریعے زبردستی نہیں کرایا جاسکتا ہے، مسلح افواج کا دل سے احترام کرتے ہیں تاہم کیا قانون بنا کر مسلح افواج کی عزت برقرار رکھنی چاہیے،اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، جب تک ملکی نظام آئین کے تحت نہیں چلے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا، جہانگیرترین کی طرف نہیں دیکھ رہے اور یہ ان کے گھر کا معاملہ ہے، حکومت پہلے دن سے گری ہوئی ہے اورحکومت نہیں بلکہ نظام تبدیل کرنا ہوگا، کوئی بھی تحریک اصولوں کے بغیر نہیں چل سکتی ۔ گزشتہ روزکراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ2برس سے کیس چل رہا ہے لیکن ہمیں بھی نہیں معلوم کہ کیس کیا ہے،نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ججز، بیوروکریسی، بزنس کمیونٹی کے لیے بھی بل لے آئیں ،ایک ادارے کے لیے ایسا قانون نہیں بننا چاہیے جو ماضی میں غلط استعمال ہو۔