کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کیخلاف ہمیشہ نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،پاک فوج،نیوی،رینجرز اور کوسٹ گارڈز سمیت تمام سکیورٹی ادارے ملک و قوم کی سلامتی کیلیے قومی پرچم تلے متحد ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹرکورنگی میںRecruits Batch-40کی پاسنگ آئوٹ پریڈکی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پریڈ کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد تھے۔ سول اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران،معززین ِعلاقہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اشخاص اور پاس آئوٹ ہونے والے ریکروٹس کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دوران ٹریننگ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم فرما کراِن کی حوصلہ افزائی کی۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ محمد انتظار کو ڈائریکٹر جنرل PCGاعزازی ٹرافی سے نوازاگیا۔دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ زرار حسین کو میڈل سے نوازاگیا۔تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ خاورحسین کوبھی میڈل سے نوازاگیا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں پہلے اتنی بڑی تعداد میں سیکورٹی نہیں دیکھی، جس نے ووٹ کاسٹ کرنا ہوتا ہے، وہ کورونا کو بھی اہمیت نہیں دیتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا گزشتہ کئی ماہ سے این اے 75 ڈسکہ نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے، 2 افراد کی شہادت کے بعد اس حلقے کو بہت اہمیت ملی، ڈسکہ میں اتنی بڑی تعداد میں سیکورٹی نہیں دیکھی، یہ واحد حلقہ ہے جہاں اتنی تعداد میں سیکورٹی اہل کار تعینات ہوئے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا الیکشن پْر امن ہو یہ میرے لیے بہت بڑی خبر ہے، دونوں پارٹیاں کہہ رہی ہیں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی جو اچھی بات ہے، معاملہ سپریم کورٹ جانے کے بعد پْر امن انتخابات خوش آئند ہیں۔انھوں نے کہا ٹرن آ ؤٹ کم ہے تو اس میں کئی وجوہ ہو سکتی ہیں، جس نے ووٹ کاسٹ کرنا ہوتا ہے وہ کورونا کو بھی اہمیت نہیں دیتا، میں اس وقت کراچی میں موجود ہوں اور کوئی شخص ماسک پہنے نظر ہی نہیں آ رہا، خاموش ووٹر بہت بڑے فیصلے خاموشی سے کر جاتے ہیں، بڑی بات ہے کہ جو لوگ شہید ہوئے ان کے رشتے داروں نے ووٹ کاسٹ کیے۔جعلی ووٹس سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا ووٹر چار جگہوں سے ہو کر ووٹ کاسٹ کرتا ہے تو وہ جعلی کیسے ہو سکتا ہے، دس بیس جعلی ووٹوں سے الیکشن کو کوئی فرق نہیں پڑتا، نوشین افتخار نے جعلی ووٹوں کا کہا ہے تو معلوم نہیں یہ کیسے کاسٹ ہو جاتے ہیں۔