ڈسکہ کے حلقہ این اے 75 میں دوبارہ ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے جاری ہے۔
این اے 75 میں مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار اور پاکستان تحریک انصاف علی اسجد ملہی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے خلیل بھی امیدوار ہیں۔
ڈسکہ میں سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے۔ عملے اور الیکشن کے سامان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
پاک فوج کے اہلکار بھی ڈسکہ اسٹیڈیم میں موجود ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر طلب کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر خود صوبائی دفتر پنجاب میں بیٹھ کر الیکشن کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ پولنگ کا عمل 5 بجے تک بغیر کسی وقفے جاری رہے گا۔
این اے 75 میں 360 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے 47 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جب کہ 176 کو حساس قرار دیا ہے۔ 137 پولنگ اسٹیشنز سی کیٹگری میں شامل ہیں۔
پریذائیڈنگ افسران کے لیے اسمارٹ فون لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی تصویر متعلقہ آر او کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔
نشست (ن) لیگ کے افتخارالحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔