راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے جشن بہاراں منانے کے لیے تیار کیے گئے 100 سے زائد اقسام کے پھولوں کے گملے مرکزی شاہراہ مری روڈ کے درمیان ڈیوائڈر لائن پر رکھوا دیے ہیں۔ کورونا کی وجہ سے پارکوں کی بندش کے دوران گرین پارکس منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ پارکوں میں پیدا ہونے والے اس دلفریب قدرتی حسن کو مزید بڑھانے اور قائم رکھنے کے لیے بتدریج اور تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین پی ایچ اے ملک عابد حسین نے راول پارک میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ملک عابد حسین نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پارکوں کی بندش کو ہم نے ایک موقع کے طور پر لیا اور پی ایچ اے کے عملے نے چیئرمین و مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب آصف محمود کی ہدایات کے تحت شبانہ روز محنت کرکے پارکوں کو ایسی صورت دے دی ہے جسے پارک کھلنے کے بعد شہری دیکھ کر حیرت اور انتہائی طمانیت محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے 56 پارکوں کو صحیح معنوں میں قدرتی گرین بنانے کا کام مکمل ہو چکا ہے جس میں مزید بہتری پیدا کی جا رہی ہے۔