دادو، گٹر اور نالوں سے ڈھکن غائب، 2 بچے ڈوب کر جاں بحق

202

دادو (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی کی نااہلی، شہر کے گٹر اور نالوں سے ڈھکن غائب، بغیر ڈھکن والے گٹر میں دو سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ دادو شہر کے عزیز آباد محلے میں گزشتہ روز گلی میں کھیلتے ہوئے دو سالہ عادل برمانی پیر پھسلنے سے کھلے گٹر میں گر کر ڈوب گیا۔ ورثاء بچے کی لاش نکال کر سول اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے بچے کی ہلاکت کی تصدیق کی اور ضروری کارروائی بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، والد اور والدہ کو بے ہوشی کے دورے۔ دادو کے سیاسی، سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کا کروڑوں روپے بجٹ ہے، اس کے باوجود شہر کے گٹروں پر ڈھکن بھی نہیں لگائے جارہے، جس کے باعث آئے روز پھول جیسے بچے گٹروں میں ڈوب کر مررہے ہیں۔ انہوں نے وزیر بدلیات اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر ذمے دار میونسپل عملداروں پر مقدمہ درج کیا جائے۔