لاہور: چیئرمین میفرا سید عماد رضا کا کہنا ہے کہ فروری کے دوران ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 41.96 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو تشویشناک بات ہے جس کی وجہ سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کےمطابق مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز فیروز پور روڈ ایسوسی ایشن (میفرا) کے چیئرمین سید عماد رضا نے فروری 2021 کے دوران ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 41.96 فیصد کمی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کپاس اور روئی کی بے دریغ درآمد کے بعد اور کپاس کی قلت سے فیبرکس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی قیمتوں میں اضافے سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کمی کا شکار ہے، جس کے لیے حکومت کو فی الفور توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
ریڈی میڈ گارمنٹس کے برآمدکنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے، سید عماد رضا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے بھارت سے کپاس کی درآمدات کے فیصلہ کو مسترد کرنا اچھا اقدام ہے اور مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے تجارت ملکی مفادات کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ کے بعد ملک میں فیبرکس کی قلت کے خاتمہ کیلیے اور کپڑے کی قیمتوں میں کمی لانے کیلیے برآمد کنندگان کو ہمسائیہ ملک چین و دیگر ممالک سے ڈیوٹی فری سستا کپڑا منگوانے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی فری سستا کپڑا منگوانے کی اجازت کیونکہ کئی قسم کے فیبرکس پاکستان میں نہیں بن رہے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ہنگامی طور پر ڈیوٹی فری فیبرکس امپورٹ کی اجازت دی جائے، تاکہ ویلیو ایڈڈ گارمنٹس انڈسٹری اپنی ضرورت کو آسانی سے پورا کر سکے اور عالمی منڈی میں مقابلے کی دوڑ میں قائم رہ سکے اور ایکسپورٹ بڑھانے کے حکومتی ویژن کو سپورٹ مل سکے۔