اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات اخوت اور محبت کی بنیاد پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب کرنے کی کوئی بھی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور کراچی میں 2011ءمیں سعودی سفارتکار کی ہلاکت سے متعلق ملزمان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سفارتکار کی پاکستان میں ہلاکت دہشت گردی کی بد ترین کارروائی تھی، واقعہ کا بظاہرمقصد پاک سعودی عرب تعلقات کو خراب کرنا تھا، دہشت گردی کے واقعے میں ملوث ملزمان قانون سے بچ نہیں سکیں گے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دیں گے۔