ایران کے جہاز پر حملے میںاسرائیل ملوث نکلا

209

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ بحیرئہ احمر میں ایرانی جہاز پر کیے گئے حملے میں اسرائیل ملوث تھا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے واشنگٹن کو آگاہ کر دیا تھا کہ اس کی فورسز نے بحر احمر میں ایرانی جہاز پر حملہ کیا ہے۔ اس سے قبل پینٹاگان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی فوج نے ایرانی جہاز کے خلاف کارروائی میں حصہ نہیں لیا تھا۔ واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بحیرئہ احمر میں اریٹیریا کے نزدیک تعینات ایرانی فوجی جہاز اسرائیلی بارودی سرنگ کا نشانہ بنا تھا۔ خبررساں ادارے العربیہ کے مطابق اسرائیلی کمانڈوز نے ایرانی فوجی جہاز پر دھماکا خیز آلہ نصب کیا تھا۔ اس جہاز کو ایرانی پاسداران انقلاب یمن کے مغربی ساحل کے نزدیک جاسوسی کے لیے استعمال کرتی ہے۔ ایرانی میڈیا پر جہاز سے اٹھنے والے دھوئیں کی تصاویر نشر کی گئیں، تاہم جہاز کی تباہی اور ہونے والے نقصان کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔امریکی اخبار کے مطابق اگرچہ ایرانی جہاز ساویز کو تکنیکی طور پر مال بردار جہاز کے طور پر درج کیا گیا ہے، تاہم اسے فوجی استعمال کے لیے تعینات کیا گیاتھا۔
بحیرۂ احمر میں بارودی سرنگ کا شکار ہونے والا ایرانی مال بردار جہاز