سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو کورونا میں مبتلا

347

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو کورونا کا شکار ہوگئیں ہیں، جس کے بعد انھوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 اپریل کو کروایا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر  پر بختاوربھٹو نے عوام سے گزارش کی ہےکہ ایس اوپیز پر عمل کریں اور ماسک پہنیں اور جوویکسین کےاخراجات برداشت نہیں کرسکتے ان کی مدد کی جائے۔

یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں تصدیق کی تھی کہ میرا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے، معمولی علامات ہیں جس پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ وہ گھر سے کام جاری رکھیں گے انہوں نے ہدایت کی کہ سب افراد ماسک ضرور پہنیں۔

خیال رہے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 102 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 26 ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار 4 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں۔