دلچسپ وعجیب: الاسکا کے کووّں سے ہوجائیں ہوشیار

441

اینچوریج، الاسکا: کوّے اپنی چالاکی اور مکاری کے لیے مشہور ہیں اور شمال کے نصف کرہ کے بیشتر حصوں میں کوّے پائے جاتے ہیں لیکن الاسکا کے کووّں نے خریداری کرنے والے گاہکوں کا سامان چوری کرکے ایک نئی مثال قائم کردی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا  کے مطابق امریکی ریاست الاسکا کے کچھ سپر اسٹورز سے خریداری کرنے والے بعض صارفین کا کہنا ہےکہ کووّں نے ان کے سامان میں سے کھانے پینے کی چیزیں اتنی پھرتی اور مہارت سے چوری کی ہیں کہ وہ حیران رہ گئے ہیں۔

الاسکا کے علاقے اینکریج میں کوسٹکو نامی سپر اسٹور کے ایک خریدار میٹ لیوالن کا کہنا ہے کہ جب وہ وہاں سے گھر کےلیے دیگر سامان کے علاوہ کھانے پینے کی چیزیں لے کر نکلا اور پارکنگ میں کھڑی اپنی کار کا لاک کھولنے لگا تو اسی دوران کچھ کووّں نے بہت خاموشی سے اس کی شاپنگ کارٹ پر دھاوا بول دیا۔

خریدارکے مطابق  صرف چند سیکنڈ میں وہ اس کے سامان میں سے گوشت اور ہڈی کا ایک ٹکڑا چوری کرچکے تھے اور جب تک میٹ نے پلٹ کر انہیں دیکھا، تب تک وہ کارروائی مکمل کرکے اُڑ رہے تھے جبکہ اس دوران وہ اشیائے خور و نوش کی ایک اور تھیلی پھاڑ چکے تھے لیکن یہ کام ادھورا رہ گیا تھا۔

میٹ کا کہنا ہے کہ گوشت کا ٹکڑا خاصا بڑا تھا لیکن وہ کوّے بھی اچھے خاصے بڑے تھے شاید اسی وجہ سے وہ اس ٹکڑے کو چوری کرکے بہ آسانی لے گئے۔

خاص بات یہ ہے کہ یہ کوّے کسی خریدار پر حملہ آور نہیں ہوتے اور نہ ہی اسے تنگ کرتے ہیں، اس کے برعکس، وہ خریدار کے پارکنگ لاٹ میں پہنچنے اور گاڑی کی ڈکی/ دروازے کا لاکھ کھولنے کےلیے شاپنگ کارٹ سے دور ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔

ایک مقامی خاتون خریدار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے  وہ پوری منصوبہ بندی کرکے چوری کرنے آتے ہیں جبکہ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور خاتون کا کہناہےکہ وہ کوّے ‘حساب لگا کر’ ساری کارروائی کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک اور واقعہ بھی سامنے آیا ہے کہ اسی سپر اسٹور سے خریداری کرنے والی خاتون کو پارکنگ میں فرش پر بیٹھے ایک کوّے نے کائیں کائیں کرکے اپنی طرف متوجہ کیے رکھا جب کے ان کے پیچھے، دوسرے کوّے نے کھانے پینے کا سامان چوری کرلیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان واقعات سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ کوّوں کی ذہانت ہمارے سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہے اور اگر وہ چوریاں کرنے پر آجائیں تو ایک منفرد انداز اختیار کرکے انسانوں کو حیران بھی کرسکتے ہیں۔