الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخابات کے دوران پریذائیڈنگ افسران کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن نے انکوائری کے لیے افسر کا تقرر بھی کردیا۔ صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل انکوائری افسر مقرر کر دیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انکوائری افسر پریذائیڈنگ افسران کی خلاف ورزیوں کی جانچ کرے گا۔ انکوائری افسر ماہرین اور اداروں سے مدد لے سکے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ لاپتہ پریذائیڈنگ افسران صبح تک کہاں رہے؟ پتہ چلایا جائےگا۔ انکوائری افسر تمام وفاقی اور صوبائی اداروں سے مدد لے سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انکوائری افسر لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے بیانات ریکارڈ کرےگا۔ انکوائری افسر 15 مئی تک رپورٹ الیکشن کمیشن کوپیش کرےگا۔