لاڑکانہ ،پی ڈی ایم میں اختلافات کے بعد پی پی اور جے یوآئی آمنے سامنے

198

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پی ڈیم ایم میں اختلافات کے بعد پیپلز پارٹی اور جے یو آئی لاڑکانہ میں بھی آمنے سامنے، جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل راشد محمود سومرو کی پریس کانفرنس کے بعد جیالے بھی میدان میں آ گئے ہیں۔اس حوالے سے پیپلز پارٹی سٹی کے صدر خیر محمد شیخ، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ انور لہر، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری میر ماجد بروہی و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جے یو آئی میں کوئی اختلافات نہیں تھے، جے یو آئی ڈپٹی کمشنر تبدیل کروانا چاہتی تھی وہ معاملہ افہام تفہیم سے حل کر لیا تھا، اختلافات جے یو آئی کی ڈبل پالیسی پر تھے، جے یو آئی ڈبل گیم کھیلتی ہے، یہ جو دکھتے ہیں وہ ہیں نہیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر چیئرمین بلاول زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو کو شکست دلوائی، جے یو آئی وفاق میں پی ٹی آئی کی مخالف لیکن لاڑکانہ میں ان کے ساتھ مل کر سیاست کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی رہنما راشد سومرو یوسی تک جیت نہیں سکتے، ہمارے قائد بلاول کے خلاف بولتے ہیں جس کے باعث ان کے قد میں چند ہی روز میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں چند ماہ میں شہر کی حالت بدل جائے گی ہماری کوشش ہے کہ شہر کے تمام تر مسائل حل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔