پاکستان ہاکی فیڈریشن بھارت سے باہمی میچز کیلئے کوشاں

432

لاہور(آئی این پی)پاکستان ہاکی فیڈریشن روایتی حریف بھارت سے باہمی میچز کی بحالی کیلیے کوشاں ہے ،مئی میں ایف آئی ایچ کی 47ویں کانگریس میٹنگ کے دوران یہ معاملہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔ پی ایچ ایف حکام چاہتے ہیں کہ بھارت کیخلاف باہمی مقابلوں کی بحالی کو ممکن بنایا جائے اور نئی دہلی میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کانگریس کی سائیڈ لائنز پر روایتی حریف ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے ٹاپ آفیشلز اس بابت غور کریں گے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوشش ہے کہ 19 سے 23 مئی تک ہونے والے اس اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان غیر جانبدار مقامات پر باہمی میچز کی بحالی ایک بار پھر ممکن بنانے کے بارے میں بات چیت کی جائے کیونکہ اسی اجلاس کے دوران آئندہ 4 سالہ مدت کیلیے ایف آئی ایچ کے صدر اور ایگزیکٹو بورڈ اراکین کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔پی ایچ ایف ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ یہ اجلاس مستقبل میں باہمی میچوں کے حوالے سے ایک سنہری موقع ثابت ہوگا اور انہیں بھارتی ہاکی آفیشلز سے گفتگو کے دوران اس پہلو پر بھی روشنی ڈالنے کا موقع ملے گا جس میں دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ ہاکی کے شائقین کا فائدہ بھی مضمر ہے کیونکہ روایتی حریفوں کے درمیان میچز کا انعقاد دونوں فیڈریشنز کے لیے بھاری مالی فوائد کا باعث بن سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری آصف باجوہ نے بھارتی ویزوں کی درخواست سمیت دیگر تیاریاں شروع کردی ہیں۔