لسبیلہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلی بلوچستان نواب جام کمال خان 2 روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے، پاک چین بزنس سینٹر کا دورہ کیا، انہیں گوادر کی ترقی کیلیے اٹھائے گئے اقدامات اور ماسٹر پلان پر بریفنگ دی جائے گی وزیراعلی بلوچستان مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے گوادر کے علاقے سربندن میں زیرتعمیر گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا محکمہ مواصلات کے حکام نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی، جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حکام کو اسکول میں فٹسال گراؤنڈ اور اضافی کمرے بنانے کی ہدایت کی اور اسکول کیلیے اضافی گرانٹ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ کو پانی اور دیگر مسائل کو حل کرنے کی درخواست دی جس پر وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو مقامی آبادی کے مسائل کے حل کیلیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ جام کمال خان بی اے پی رہنما عبدالغفور ہوت کے گھر پہنچے اور ان کے چچا صابر ہوت کی وفات پر تعزیت کی، فاتحہ خوانی اور مرحوم کیلیے دعائے مغفرت کی۔