لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’’مصنوعی مینڈیٹ ‘‘ والے وزیراعظم مہنگائی کیا ہر چیز مصنوعی نظر آتی ہے ،جب بنی گالہ کا خرچہ مافیا اور اے ٹی ایمز چلائیں گی تو عمران خان کومہنگائی تو مصنوعی ہی لگے گی ۔ وزیراعظم عمران خان کے حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کے بعد اپنے ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ مصنوعی وزیراعظم نے کرائے کے ترجمانوں کو مصنوعی ترقی اور خوشحالی کا بیانیہ بنانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مصنوعی مینڈیٹ والے عمران خان پہلے مصنوعی مہنگائی کر کے اے ٹی ایمز اور مافیا کا بھلا کرتے ہیں۔ عمران صاحب ہر روز حکومتی کرائے کے ترجمانوں کو جھوٹ بولنے کا سبق دیتے ہیں ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرائے کے حکومتی ترجمان جواب دیں کہ مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے 14 فیصد نہیں کر دی ؟ ، 3 سال میں کسی کو ایک نوکری اور ایک گھر نہیں ملا ؟ چینی ،آٹا و دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں،2سال میں 14000 ارب کا قرضہ لے لیا ؟ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے -0.4 ہو گئی ، کس منہ سے ان اقدامات کو اْجاگر کریں گے؟۔