تہران (صبا ح نیوز) پاکستانی بحریہ کا جہاز ایرانی بندرگاہ بندر عباس پر لنگر انداز ہوگیا، پاک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر خان محمود آصف کی ایرانی بحریہ کے ریجنل کمانڈر رئر ایڈمرل جعفر تذکر سے ملاقات، مشترکہ فوجی مشقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر ایڈمرل خان محمود آصف نے کہا کہ پاک بحریہ ایرانی بحریہ کے ساتھ عسکری تعاون کو مضبوط بنانا چاہتی ہے اور ہم مشترکہ فوجی مشقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کی غرض سے بندر عباس پر لنگر انداز ہوئے ہیں، اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجربات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔ رئر ایڈمرل جعفر تذکر نے کہا ہے کہ اس قسم کی ملاقاتوں کا مقصد ایران اور پاکستان کی بحریہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور مشترکہ فوجی مشقوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطح پر ہم آہنگی کے نتیجے میں مشترکہ بحری اہداف کے حصول میں مدد ملے گی اور خطے میں جہاز رانی کے تحفظ کیلیے ایرانی اور پاکستانی بحریہ کو اپنے عزم و حوصلے کے مظاہرے کا موقع ملے گا۔ مشترکہ مشقوں اور بحری معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ منظم تبادلہ خیال کا پیغام یہ ہے کہ آبنائے ہرمز اور شمالی بحر ہند کے اسٹریٹجک علاقے کی سلامتی کو خطے کے ملکوں کے تعاون سے ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔