نااہل کو حکومت دی جائے گی تو ملک اسی طرح تباہ ہوگا، بلاول

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ہر گزرتا دن ملک کو سیاسی و اقتصادی تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، جب ایک نااہل کو حکومت دی جائے گی تو ملک تباہی کی ایسی ہی صورت حال سے دوچار ہوگا۔یہ بات انہوں نے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول زرداری کی سربراہی میں ورچوئل اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیر بخاری، شیری رحمان، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں خان، قمر زمان کائرہ، چودھری منظور اور حسن مرتضی نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے بدترین اقتصادی گراوٹ پر عمران خان کی ہٹ دھرمی پر مبنی ردعمل کی مذمت کی ہے اوراس امر پر اتفاق کیا کہ عمران خان مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے ہیں کہ جس میں قرضے بڑھ رہے ہیں اور تجارت گھٹ رہی ہے۔اپنے خطاب میں بلاول نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو بدترین اقتصادی صورت حال میں دھکیل دیا، پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچ چکی، ملک کی اقتصادی صورت حال اتنی تباہ حال ہوچکی ہے کہ بحالی کی کوششیں بھی اس صورت حال کو آسانی سے بہتر نہیں کرسکتیں۔