فضل الرحمان پیزا کھانا چھوڑیں رسیدیں جمع کرائیں، فرخ حبیب

230

 

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب یہ پیزا کھانے یا چائے پینے کا وقت نہیں بلکہ الیکشن کمیشن میں رسیدیں جمع کروانے کا وقت ہے،مولانا فضل الرحمان لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی سے پیسے لیتے رہے ہیں، انہوں نے غیر ملکیوں سے بھی پیسے لے کر ڈیرہ اسماعیل خان اور چک شہزاد کی جائدادیں بنا لی ہیں،الیکشن کمیشن آئینی ذمے داری کو پوری کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیس کا فیصلہ جلد جاری کرے، ڈسکہ الیکشن سے اپوزیشن کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مولانا کو پتا ہونا چاہیے کہ سیاسی پارٹیوں کے آرڈر 2003ء کی شق 63 پابند بناتی ہے کہ تمام جماعتیں اپنے اخراجات الیکشن کمیشن میں جمع کروانے کی پابند ہیں اور الیکشن کمیشن نے ان کی اسکروٹنی کرنی ہے۔ انہوںنے کہا کہجو مقدمہ الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے کیلیے عمران خان نے شروع کیا ہے اس کو ہم منطقی انجام تک پہنچائیں گے، 24 جماعتوں کو فنڈنگ کیس میں نوٹس جاری ہوئے ہیں، جن میں جے یو آئی(ف) بھی شامل ہے۔