لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی مخالف لاڑکانہ عوامی اتحاد کا اجلاس ولید محلہ کوٹ داراب خان عباسی میں کنوینر ڈاکٹر صفدر علی عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما امیر بخش بھٹو، اللہ بخش انڑ، جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل راشد محمود سومرو، ناصر محمود سومرو، جی ڈی اے رہنما و رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی، عادل الطاف انڑ، سردار ظفر اللہ سانگی، سابق تحصیل ناظم قربان عباسی، چیئرمین جئے سندھ محاذ ریاض چانڈیو سمیت دیگر نے شرکت کی، دوران اجلاس ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، سندھ کے اندر بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجود سیاسی صورتحال اور لاڑکانہ ضلع کے اندر مختلف مسائل پرغور کیا گیا، رہنماؤں نے توجہ دلائی کہ گندم کے کاشتکاروں کو گندم اٹھانے کے لیے ابھی تک باردانہ فراہم نہیں کیا گیا، ضلع کے اندر بجلی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ متعدد علاقوں میں کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، اجلاس میں رہنماؤں کی جانب سے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ کے کاشتکاروں کو خریف کی فصل کے لیے پانی کی قلت کا خدشہ ہے متعلقہ اضلاع کے کاشتکاروں کو اپنے حصے کا پانی نہ ملا تو استراب بڑہے گا اور ذمے داری دونوں حکومتوں پر ہوگی، اجلاس میں فیصلہ کیا کہ لاڑکانہ عوامی اتحاد کے مزید وسیع کرنے کے لیے مختلف سیاسی شخصیات سے روابط رکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں عوامی اجتماع منعقد کیے جائیں گے اور عوامی ایشوز کے متعلق لوگوں کو منظم کیا جائے گا۔ اس ضمن میں خاص طور پر بجلی کا بحران، ربیع کی فصل پر کاشتکاروں کے مسائل پر بھرپور آواز اٹھایا جائے گا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا کہ اتحاد کا اگلا اجلاس عیدالفطر کے بعد منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی امیر بخش بھٹو کریں گے۔