مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست نہیں آئی ،شیخ رشید

220

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمدنے کہا ہے کہ مر یم نوازکی ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے کوئی درخواست نہیں آئی، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن اب خود ہی ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز شریف کو اللہ پاک صحت دے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم ٹھس اور ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے، اپوزیشن اب خود ہی ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہے،انہوں نے ضمنی الیکشن اور سینیٹ دونوں میں حصہ لیا، نہ آر ہوا نہ پارہوا بلکہ ان کا کام تمام ہوا، پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ اپنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی لارہے ہیں،اس تبدیلی کے باعث سارا فائدہ وزیر اعظم عمران خان کو ہوگا، آصف زرداری نے ان کو کھیلایا ہے،آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے ساتھ وہ کام کیا جو کام ضیا الحق نہیں کرسکے تھے۔انہوں نے کہاکہ مریم نوازکی ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے کوئی درخواست نہیں آئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے، جب عمران خان نے کوئی لچک نہیں دکھائی تو وزارت ان کو جانے کی اجازت نہیں دے گی ۔تحریک لبیک اورحکومت کے درمیان ناموس رسالت کے معاملے پر معاہدے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے، ان سے ہمارا معاہدہ ہے، ناموس رسالت کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی سیاست کا محور ہے،اگر مسئلہ کشمیر پر مذاکرات نہیں ہوتے تو بھارت سے بات اور تجاعت تو کیا کوئی رابطہ نہیں ہوسکتا۔