پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی ‘ 7مریضوں کی حالت خراب

160

 

پشاور(صباح نیوز)پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال(ایل آر ایچ) میں آکسیجن کی کمی سے 7 مریضوں کی حالت بگڑ گئی۔کے پی کے نرسز الائنس کے مطابق مریضوں کی حالت بگڑنے پر انہیں دوسرے وارڈ میں منتقل کرنے کی وڈیو وائرل ہوگئی ۔ خیبر پختونخوا نرسز الائنس کے مطابق وڈیو میں آکسیجن لگے مریض کو دوسرے وارڈ میں منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ ساتوں مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔ خیبر پختونخوا نرسز الائنس نے کہا کہ ان ساتوں مریضوں کو ایمبو بیگ کے ذریعے مصنوعی سانس اور طبی امداد فراہم کی گئی۔دوسری جانب لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں وافر مقدار میں آکسیجن موجود ہے، تمام صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے، آکسیجن کی کمی پر مریضوں کی منتقلی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔