گوجرانوالہ (صباح نیوز) گوجرانوالہ میں پلاسٹک فرنیچر بنانے والی فیکٹری کی عمارت میں آگ لگنے کے باعث لاکھوں روپے کا مال جل کر خاکستر ہوگیا، ریسکیو ٹیموں نے 14گھنٹوں کی جدجہد کے بعد قابو لیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں واشنگ مشین، ہوم اپلائنسز بنانے والی فیکٹری کی 3 منزلہ عمارت میں اوپری منزل پر گزشتہ رات 7بجے آگ لگ گئی تھی، آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن میں گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، حافظ آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ کی 26فائرٹینڈرز گاڑیوں نے حصہ لیا۔ آگ پھیلنے کے باعث عمارت کی دیواریں گرنا شروع ہو گئی تھیں۔ آپریشن کے دوران ریسکیو ٹیموں کو پانی دور سے لاناپڑ رہا تھا اور صرف کھڑکیوں سے پانی پھینکا جاتا ریا جس سے مشکل پیش آئی۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر کمال عابد کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں 80فائر فائٹرز اور مختلف اضلاع سے 26 گاڑیوں نے ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا۔ آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصانی نہیں ہوا تاہم اب تک لاکھوں روپے کا مال جل کر خاکستر ہوگیا۔