لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مہنگائی اور معاشی تباہی نے عوام کاجینامحال کر دیا ہے، کرپٹ اور نالائق حکمرانوں نے لاہور کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنا دیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیا ن میں کیا۔انہوںنے کہاکہ نالائق اور کرپٹ عمران خان نے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا یا ہے، شریف برادران کے دور میں عوام کو مفت دوائیاں اور علاج مل رہا تھا ،آج کینسر کے مریضوں سے مفت دوائی، عوام سے مفت علاج چھین لیا گیا ہے، دوائی کی قیمتوں میں500 فیصداضافہ کر کے مریضوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔ متوسط طبقے کے لیے سفید پوشی کا بھرم قائم کرنا عذاب بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے دور میں52 روپے فروخت ہونے والی چینی آج عوام120 روپے کلو خریدنے پر مجبور ہیں،32روپے کلو کاآٹا آج80 روپے کلوفروخت ہورہاہے،142روپے فروخت ہونے والا کھانے کا تیل آج 290 روپے عوام خریدنے پر مجبور ہیں،84روپے درجن فروخت ہونے والے انڈے آج 170 روپے ہوگئے ہیں، 11روپے فی یونٹ بجلی آج24 روپے بیچی جا رہی ہے۔