اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے گلگت بلتستان صوبہ بننے جارہا ہے یہ بہت خوبصورت جگہ ہے، سیاحت کیلیے بہت دلکش ہے، اس پر ہم نے توجہ نہیں دی، اگر اس علاقے کو پروموٹ کیا جائے تو پاکستان کی سب سے خوبصورت جگہ یہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہنزہ کے تاریخی طور پر مشہور التت فورٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایک رول ہوگا اور وزیراعظم عمران خان کی گورنمنٹ میں گلگت بلتستان بہت ترقی کریگا۔ چینی سیاحوں کی آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ویزا سسٹم کو آن لائن کیا ہے اور جو بھی چینی یہاں آنا چاہتے ہیں ہم ان کو ویزا دینگے۔