لاہور (آن لائن) مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خادمہ جی! این اے 75 ڈسکہ کا فیصلہ سلطنت عمرانیہ کے منہ پر طمانچہ ہے، لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار
عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ پوری طاقت سے کامیاب ہو رہا ہے، عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے میں ان ووٹ چوروں کے نام اور سزا بھی بتائے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں نے تو پہلے دن ہی فردوس امجد کے کارنامے سے آگاہ کر دیا تھا، ویسے مجھے ہتک عزت کا نوٹس اب تک کیوں نہیں بھجوایا باجی نے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسجد ملہی، فردوس امجد اور عثمان ڈار الیکشن کمیشن کے بعد عدالت عظمیٰ سے بھی ذلیل و خوار ہوئے ہیں۔