تجارتی خسارے سے ملک مزید قرضوں میں پھنسے گا‘ اسلام آباد چیمبر

149

 

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہاہے کہ موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 21ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے ، اس پر قابو پانے کے لیے برآمدات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جمعہ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے سے معیشت مشکلات کا شکار ہو گی اور ملک مزید قرضوں کی دلدل میں دھنستا چلا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تجارتی خسارے کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے حکومت برآمدات کے بہتر فروغ پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں اضافے سے ادائیگیوں کا توازن خراب ہو گا۔ روپے کی قدر مزید گرے گی، مہنگائی بڑھے گی، غیر ملکی قرضوں میں اضافہ ہو گا اور مجموعی معیشت مزید کمزور ہو گی لہٰذا حکومت تجارتی خسارے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کرے۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ تجارتی خسارے کو کم کرنے کا ایک بہتر حل برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے سے معیشت کے لیے متعدد فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔ قرضوں کی واپسی کے لیے وسائل فراہم ہوں گے، روپے کی قدر مستحکم ہو گی اور ادائیگیوں کے توازن کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو گا۔