حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری رفیق مگسی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور زرداری ٹولہ سندھ کو سیاسی اکھاڑا بنانا چاہتے ہیں۔ سید مظفر حسین شاہ نے 7 ووٹ سینیٹ کے کیوں رد کیے اس پر پیپلز پارٹی والے انتقام میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں کہ سینیٹر مظفر حسین شاہ کے سارے زرعی واٹر کورسز بند کردیے گئے، پیپلز پارٹی غریب کسانوں کا معاشی قتل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ کہاں کی جمہوریت اور جمہوری حکومت ہے، اس عمل سے پورے سندھ کا امن خراب ہوسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی ہوش کے ناخن لے اور انتقامی کارروائی سے باز رہے، فنکشنل لیگ نہ کمزور ہے نہ کمزور رہی ہے۔ پیر سائیں پگارا نے ہمیشہ ملک کی بھلائی اور امن کا درس دیا ہے۔ رفیق مگسی نے مزید کہا ہے کہ پیر سائیں پاگارا کے حکم کے ہم منتظر ہیں۔ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے 13 سے انتقامی کارروائیاں کی ہے فنکشنل لیگ کے لوگوں کو بیگناہ گرفتار کرکے جیلوں میں قید کر رکھا ہوا ہے لیکن پھر بھی ہم ملک کی خاطر خاموش ہیں، لیکن اب پانی سر سے گزر چکا ہے، اس کا جواب فنکشنل لیگ اچھی طرح سے دینا جانتی ہے۔ ہم چیف جسٹس، چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس انتقامی کارروائی کا نوٹس لے کر فنکشنل لیگ میں جو بے چینی ہے اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور سندھ میں امن کو برقرار رکھا جائے۔