آئی سی سی نے ہنگامی قوانین کو برقرار رکھنے کی منظوری دے دی

284

کراچی(رپورٹ: سید وزیر علی قادری) آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے امپائرز کال کے خاتمے کی تجویز مسترد کر دی۔ڈی آر ایس اور تھرڈ امپائر پروٹوکولز سمیت 3تبدیلیاں کردی گئیں، کورونا وائرس کی وجہ سے مقامی امپائرز کے تقرر، ڈی آر ایس، کنکشن متبادل سمیت وقتی طور پر متعارف کروائے جانے والے تمام قوانین برقرار رہیں گے۔ امپائرز کال پر بعض موجودہ اور سابق کرکٹرز کی جانب سے سخت تنقید ہوتی رہی ہے، آف فیلڈ امپائرز کے فیصلوں کو تحفظ دینے والا یہ قانون ختم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا لیکن انیل کمبلے کی سربراہی میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں امپائرز کال کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ٹیکنالوجی کے باوجود آن فیلڈ امپائر کی رائے کی اہمیت ضروری ہے۔اس لیے قانون کو ختم نہیں کیا جا رہا، ڈی آر ایس کے قواعد میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے گیند کے وکٹ پر لگنے کی اونچائی اسٹمپس کے اوپر تک کردی گئی ہے تاکہ امپائرز کال کے مارجن میں فرق کم ہوسکے، ایل بی ڈبلیو ریویو سے قبل کھلاڑی امپائر سے پوچھ سکے گا کہ گیند کو کھیلنے کی حقیقی طور پر کوشش ہوئی ہے یا نہیں، تھرڈ امپائر کے پروٹوکولز میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اب وہ اگلی بال سے قبل شارٹ رن کو چیک کرتے ہوئے کوئی غلطی ہوئی تو اسے درست کرسکے گا۔کورونا وائرس کا پھیلائو ہونے کے بعد کرکٹ کی جلد بحالی کیلیے نیوٹرل کے بجائے مقامی امپائرز کے تقرر کی اجازت، ڈی آر ایس قوائد، کنکشن متبادل سمیت وقتی طور پر متعارف کروائے جانے والے تمام قوانین برقرار رہیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت میں اکتوبر ، نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے شریک ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ویزوں سمیت ٹیکس معاملات پر مثبت پیش رفت اور آئندہ ہونے والے بورڈ اجلاس میں دونوں نکات پر حل ہونے کا اشارہ بھی دیا ہے جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ان خدشات کو بھی دور کرنے میں مدد ملے گی جو وہ اس سے قبل متعدد مرتبہ پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں ویزوں اور سیکورٹی کے حوالے سے عالمی تنظیم کو باور کراتا رہا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم، آیشلز، میڈیا اور شائقین کے لیے ویزوں اور سیکیورٹی کے سلسلے میں تحریری ضمانت کو ہی بھارت میں منعقد ہونے والے میگا ایونٹ میں شرکت پر راضی ہوگا۔