کراچی (اے پی پی) آل سندھ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 4 میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ استاد نثار اکیڈمی شکار پور،کاشان کرکٹ کلب، لائنز ایریا جمخانہ اور دی پام کلب نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابیاں حاصل کرلیں۔ایم صابر اور محمد ارسلان نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ عرفان قاسمی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور نیو سنگم کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل سندھ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 4 میچوں کا فیصلہ ہوگیا ۔ شاہی باغ اسٹیڈیم شکار پور پر کھیلے گئے میچ میں استاد نثار اکیڈمی شکار پور نے ایگل وائٹس کرکٹ کلب جیکب آباد کو 21 رنز سے شکست دیدی۔ استاد نثار اکیڈمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں پر 236 رنز بنائے۔ جواب میں ایگل وائٹ کرکٹ کلب 40 اوورز میں 215 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ۔ شاہزیب نے 52 ، سمیر علی نے 29 اور امتیاز احمد نے 28 رنز اسکور کیے۔نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں دی پام کرکٹ کلب نے مرزا قمبر کرکٹ کلب کو 7وکٹوں سے شکست دیدی۔ مرزا قمبر کرکٹ کلب کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 27.5 اوورز میں تمام وکٹوں پر صرف 84 رنز بنائے۔جواب میں دی پام کرکٹ کلب حیدر آباد نے 16.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پورا کرلیا۔ٹی ایم سی گرائونڈ پر کھیلے گئے تیسرے میچ میں کاشان خان کرکٹ کلب نے اورنگی اسٹار کرکٹ کلب کو 216 رنز سے شکست دیدی۔ کاشان خان سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں پر 309 رنز بنائے۔ جواب میں اورنگی اسٹارز 18 اوورز میں صرف 93 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ عبدالرحمان نے 22 رنز اسکورکیے ۔ عرفان قاسمی نے 54 رنز دے کر 7 جبکہ احمد جونئیر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔