پیپلز پارٹی کی شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہ ماننے کی دھمکی

95

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ماننے سے انکار پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہ ماننے کی دھمکی دے دی۔پیپلز پارٹی کے
سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر نوید قمر نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر (ن) لیگ اور جے یو آئی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے کا فیصلہ کریں گی تو ہم بھی قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام اہم فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مکمل اتفاق رائے سے ہونے چاہییں، اگر مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی نے تمام فیصلے خود کرنے ہیں تو اپوزیشن اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں۔نوید قمر نے کہا کہ (ن) لیگ اور جے یو آئی لانگ مارچ سے استعفوں کو نتھی کر کے پہلے ہی پی ڈی ایم کو بڑا دھچکا پہنچا چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے متفقہ فیصلوں کی خواہاں ہے۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنا الگ قائد حزب اختلاف لانے کے لیے حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔