حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہاہے کہ ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کے عظیم لیڈر تھے جنہوں نے پھانسی چڑھانا تو قبول کیا لیکن کسی آمر کے ےآگے نہیں جھکے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی پیپلز پارٹی آمریت کیخلاف سب سے موثر اور منظم آواز ہے جس کی قیادت سے لے کر کارکنوں نے ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس وقت سندھ سمیت ملک کے عوام کو شعور دیا جب سیاست کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جاتا تھا لیکن پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے غریب مزدور ، ہاری، کسان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرکے یہ ثابت کردیا کہ اگر قیادت مخلص اور عوام دوست ہو تو پھر قومیں متحد اور منظم ہوکر کھڑی ہوجاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی تاریخ عوام دوستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں میں شامل ہے۔ آج بھی پیپلزپارٹی نے اس سول آمر کے سامنے صف آرا ہے جو عوام دشمنی میں اس حد تک آگے جاچکا ہے کہ اس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے اور غریب عوام پر ٹیکسوں کے بوجھ لگاکر انہیں بھوک اور بدحالی پر مجبور کررہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی آج بھی اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔