احتساب عدالت، شہباز شریف کو 2کیسز میں لمبی مہلت مل گئی

256

لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل اور منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کرتے ہوئے دونوں کیسز کی آئندہ سماعت ملتوی کردی ہے۔ آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کی سماعت 21 اپریل اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی ۔ مسلم لیگ (ن) کے صد ر شہباز شریف ، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سمیت دیگر
ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر استدعا کی کہ کورونا وبا شدت اختیار کر چکی ہے لمبی تاریخ دیدیں۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا آپ کون سی تاریخ چاہتے ہیں۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ کم از کم 14 دن کی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت15اپریل تک ملتوی کر دی۔علاوہ ازیں آشیانہ ہائوسنگ کیس کی سماعت 21اپریل تک ملتوی کر دی گئی ۔