راولپنڈی (اے پی پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا دورہ ترکی، اعلیٰ عسکری قیادت
سے الگ الگ ملاقات، ترکی کے اعلیٰ فوجی ایوارڈ ’’لیجن آف میرٹ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ندیم رضا ترکی کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے انقرہ میں وزیر قومی دفاع جنرل (ر) ہولوسی اکار اور ترک مسلح افواج کے کمانڈر جنرل یاسر گلر اور سہہ فریقی سروسز کے سربراہان سے بھی الگ الگ ملاقات کی اور ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران، دونوں فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں، سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور بالخصوص افغانستان کے حوالے سے موجودہ علاقائی صورتحال سمیت دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور بہترین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترکی کی فوجی قیادت نے پاکستان آرمڈ فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔