اہل کراچی کیلیے خوشخبری‘ 6روٹس پر جدیدترین الیکٹرک بسیں جلدسڑکوں پر ہوں گی

256

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کراچی میں پہلی الیکٹرک بس چلے گی، ہر مہینے الیکڑک بسوں کی تعداد میں اضافہ کرتے جائیں گے، صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ سفائر کمپنی کے منیجر اور ہیڈ آف ٹیکنکل اینڈ آپریشن الیکڑک بس پروجیکٹ احمد بلال نے جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں چلنے والی الیکڑک بسیں جاپان سے خریدی گئی ہیں، پبلک پارٹنر شپ کے تحت ابھی آزمائشی بنیاد پر صرف ایک الیکٹرک بس چلائی جارہی ہے، سال کے آخر تک 100بسیں کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ فیصل موورز کے جنرل منیجرخان عبدالرب نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیصل موورز ایک ایسی ٹرانسپورٹ کمپنی ہے جسے پاکستان میں بہترین سفری سہولیات متعارف کرانے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ فیصل موورز کی ٹرانسپورٹ سروس پاکستان کے مختلف شہروں سے روزانہ 33ہزار اور ماہانہ ساڑھے 9 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیصل موورز نے کراچی میں ملک کی پہلی جدید ترین نئی الیکڑ ک بس سروس متعارف کرادی ہے۔ تمام بسیں آرام دہ اور تمام تر سہولیات سے آراستہ اور منفرد سہولیات سے لیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلی الیکٹرک بس چلنا شروع ہوگئی ہے، جو صبح 7 بجے سہراب گوٹھ بس ٹرمینل سے روانہ ہو کر تقریباً ایک گھنٹے میں ٹاور پہنچے گی۔ بس میں سفر کرنے والے مسافروں سے الیکٹرونک طریقے سے کرایہ وصول کیا جائے گا خواتین اور مرد الگ الگ آٹومیٹک دروازے کے ذریعے بس میں داخل ہوسکتے ہیں۔ 6 ٹائروں پر مشتمل اس بس کو روزانہ 5 گھنٹے چارج کیا جائے گا۔ ایک دفعہ چارج کرنے پر بس 250 کلومیٹر کا سفر طے کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک پاور بس کا کم سے کم کرایہ 10 روپے جبکہ 4 روپے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ بس میں 37سیٹیں ہیں۔ جن میں سے 2 معذور افراد کے لیے مختص ہیں، مجموعی طورپر 37 افراد آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔بس میں پان، چھالیہ، نسوار کھانا اور سگریٹ پینا سختی سے منع ہے، بس کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے اور بس کی ٹریکنگ کا مکمل نظام بھی بنایا گیا ہے۔مسافروں کی خدمت کے لیے 4 ملازمین بھی موجود ہیں، ہرے رنگ کی اس بس کے آٹو میٹک دروازوں اور الیکٹرونک ٹکٹنگ مسافروں کے لیے حیرانی کا سبب ہے۔ بس ائر کنڈیشنڈ ہونے کے ساتھ اس کا کرایہ بھی بہت مناسب ہے۔ صاف ستھرا ماحول آرام دہ نشستیں، شائستہ اور مہذب عملہ بس کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرے گا۔بس کے چلنے کے لیے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اس سال کے آخر تک الیکٹرک بسوں کی تعداد 100 تک پہنچ جائے گی۔کراچی کے مختلف 6 روٹس پرشہریوں کو ہم اپنے بسوں کی سہولت فراہم کرینگے، بس کے آنے جانے کے 10 اسٹاپ رکھے گئے ہیں اور رات 8 بجے آخری بس روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بس ٹرمینل سے روانہ ہونے والی یہ بس سہراب گوٹھ، واٹر پمپ، عائشہ منزل، کریم آباد، لیاقت آباد، تین ہٹی گرو مندر اور تاج کمپلیکس سے ہوتی ہوئی ٹاور پہنچے گی۔ بس کی مانیٹرنگ کا انتظام بھی بہتر انداز میں کیا جائیگا۔ ٹاور سے روانہ ہونے والی بس لائٹ ہاؤس، تاج کمپلیکس، گرومندر، تین ہٹی، کریم آباد، واٹر پمپ چورنگی، سہراب گوٹھ کے بس اسٹاپ پر رکتی ہوئی کراچی بس ٹرمینل واپس پہنچے گی۔ الیکڑک بس میں ای ٹکٹنگ اور بس کے ٹریکنگ کے لیے کام کرنے والے ڈوسفر ڈاٹ کام) (Dosafar.com کے سی ای او خضر احمد صدیقی نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں چلنے والی پہلی الیکٹرک بس میں ای ٹکٹنگ اور بس کے ٹریکنگ کا مکمل نظام موجود ہوگا۔ ہم ای ٹکٹنگ کے ذریعے الیکٹرک بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کا ڈیٹا جمع کرینگے اور اس ڈیٹا اور مسافروں کی رائے کو دیکھتے ہوئے ہم اپنی سروس بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرینگے تاکہ مسافروں کو سفری سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔