لاڑکانہ: لاڑکانہ میں باراتیوں سے بھری بس الٹنے کے نتیجے میں پیش آنے والے المناک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور متعد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر لاڑکانہ کے علاقے بھینس کالونی میں باراتیوں کی بس ٹریکٹر کو بچاتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین ، 2 بچے اور 5 مرد شامل ہیں، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کا شکار باراتیوں کا تعلق قمبر برادری سے ہے، بارات لاڑکانہ سے قمبر کے علاقے لالو راؤنک جا رہی تھی۔
دوسری جانب ایم نائن موٹروے پر نوری آباد کے نزدیک بارات میں شامل دولہا کی کار اور ٹرک میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں دولہا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 30 سالہ جنید قاضی بارات لے کر کراچی جارہا تھا کہ ٹرک سے اس کی کار ٹکرا گئی، کار میں سوار چار باراتی زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زخمیوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت دانش، دانیال اور ماجد کے نام سے ہوئی ہے۔