لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) جامعہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت معذور طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے متعلق تقریب منعقد کی گئی جس میں جامعہ کے شعبے کمیونٹی و پبلک ہیلتھ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد شیخ، ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد شیخ اور ڈائریکٹر آئی ٹی روشن علی شیخ نے معذور طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرکے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کمیپوٹر کے باعث دنیا گلوبل ولیج میں تبدیل ہوچکی ہے کیونکہ یہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور ہر چیز جدید ہوتی جارہی ہے اسی طرح میڈیکل سائنس بھی ترقی کررہی ہے ہمیں چاہیے کہ ٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں کو متعارف کروائیں اور ریسرچ پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دور کاپی پیسٹ کا نہیں ہمیں میڈیکل کے ہر شعبے میں تحقیق کو آگے لانے کی ضرورت ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہیے۔