سکھر،علی واہن میںایک ہفتے سے بجلی غائب، مکین پریشان

144

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی کے علاقے علیواہن میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی منقطع ہونے کے سبب کاروبار زندگی مفلوج، خواتین، بچے، مرد اور بزرگ گھروں میں پریشان، بلا جواز ڈیڈکشن، اوور ریڈنگ بلز بھیج کر پریشان کیا جارہا ہے، صارفین کا الزام، مذکورہ محلوں پر بقایاجات کی وجہ سے بجلی منقطع کی ہے، سیپکو حکام کا مؤقف۔ روہڑی سب ڈویژن کے علاقے علیواہن کے شیخ محلہ، عباسی محلہ، عیدگاہ والی گلی، مومن کالونی، سومرا محلہ کے ٹرانسفارمر سے لنک اتار کر سیکڑوں گھروں کی بجلی منقطع کردی، جس کی وجہ سے گھروں میں مرد، خواتین، بچے اور بوڑھے گرمی میں سخت اذیت سے دوچار ہیں، مچھروں کی بہتات کے باعث علاقے میں ملیریا سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہو کر بیمار پڑرہے ہیں، علاقہ مکینوں نے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ بلا جواز ہزاروں روپے کی ڈیڈکشن، اوور ریڈنگ بلز بھیجے جارہے ہیں، کہاں سے بل ادا کریں۔ کھلی کچہریوں میں معاف یا درست کرکے دیے جانے والے بقایاجات کٹ کر نہیں آرہے تو بل کہاں سے بھریں۔ علاقہ مکینوں نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر، سیکرٹری پانی و بجلی اور سیپکو چیف سے مطالبہ کیا کہ علیواہن میں بجلی بحال کی جائے، سیپکو سب ڈویژن روہڑی کے عملے نے بتایا کہ بقایا جات اور موجودہ بل نہ بھرنے کی وجہ سے بجلی منقطع کی ہے۔