پاکستان اسٹاک،60.54 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ

257

کراچی (اسٹاف پورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بدھ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مزید96.82پوائنٹس کے اضافے سے 44587.85پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجبکہ 60.54فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجے میںمارکیٹ کے سرمائے میں 26ارب 78 کروڑ82لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت 30.90 فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو ٹروز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری میں دلچسپی لی گئی جس کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 45ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 45130پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کی وجہ سے45 ہزار کی سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 96.82پوائنٹس کے اضافے سے 44587.85پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 10.38 پوائنٹس کے اضافے سے 18268.62پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 105.83 پوائنٹس کے اضافے سے30498.20پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 403 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 244 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ 150 میں کمی اور 9میں استحکام رہا ۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 78 کھرب 65 ارب 41 کروڑ 8 لاکھ روپے سے بڑھ کر78 کھرب 92 ارب 19 کروڑ 90لاکھ روپے ہوگئی ۔قیمتوں میں اتار چڑھاوٗ کے لحاظ سروس انڈسٹریز 78.18 روپے کے اضافے سے 1120.68روپے اورفلپ موریس 70.50روپے کے اضافے سے 1038 روپے ہوگئی جب کہ کولگیٹ پامولو 137 روپے کی کمی سے 2700روپے اور سیپ ہائر ٹیکس کے حصص 16.95روپے کی کمی سے 820.05 روپے ہو گئی۔