پاکستان فٹبال پر 5سال پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

152

اسلام آباد/کراچی(نمائندہ جسارت /سید وزیر قادری) پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر 5سال پابندی کی تلوار لٹکنے لگی‘ وفاقی حکومت کا معاملات سے لاتعلقی کا اعلان‘ فہمیدہ مرزا نے فیکٹ فائنڈنگ کے لیے فیفا کومراسلہ لکھ دیا‘ دونوں گروپوں کو مل بیٹھ معاملات حل کرنے کیلیے کوششیں جاری ہیں،موجودہ صورتحال پر کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ واضح رہے کہ اشفاق گروپ نے ہفتے کے روز لاہور میں پی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹرز سے فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کو بے دخل کرتے ہوئے کنٹرول سنبھال لیا تھا، جس پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیفا نے وارننگ جاری کی تھی کہ مداخلت ختم کرکے چارج نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے نہ کیا گیا تو پاکستان کی معطلی جیسا سخت ترین قدم بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں پاکستان کی رکنیت 5 سال کے لیے ختم کی جا سکتی ہے، اس صورتحال میں پاکستانی فٹبالرز، کوچز اور آفیشلز میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے،ان کا کہنا ہے کہ اگر پابندی لگ گئی تو پاکستان فٹبال قصہ پارینہ بن جائے گا،فیفا سے مطالبہ ہے کہ پاکستان کے بجائے معاملات میں مداخلت کرنے والوں پر تاحیات پابندی لگائی جائے۔دوسری جانب وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) اور نارملائزیشن کمیٹی آپس میں بیٹھ کر معاملات کاحل نکال لیںاور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرلیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فٹ بال فیڈریشن میں ہونے والے واقعے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ، ذاتی مفادات کی وجہ سے کھیل کا نقصان ہو رہا ہے،فیفا کی کمیٹی کو خط لکھا ہے کہ اپنا فیکٹ فائنڈنگ کمیشن پاکستان بھیجے، فٹبال کوپاکستان میں متاثر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیء‘ نارملائزیشن کمیٹی کا مینڈیٹ جون تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کم ترقی یافتہ علاقوں میں فٹ بال کو فروغ دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر فیڈریشن میں بڑا نام بیٹھا ہے، پہلی حکومت ہے جس نے کسی بھی فیڈریشن میں مداخلت نہیں کی۔