پولیس نفری کی کمی کے باعث جرائم پرقابوپانامشکل ہوگیا

303

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی ایسٹ سندھ پولیس ثاقب اسماعیل میمن نے کہا ہے کہ پولیس فورس کی کم تعداد کے باعث اسٹریٹ کرائم پر قابو پا نے میں مشکلات کا سامنا ہے، دستیاب وسائل کے ساتھ انویسٹی گیشن کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کاٹی کے صدر سلیم الزماں کا کہنا تھا کہ کاٹی نے ہمیشہ پولیس اور قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن بنا کر کام کیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے تاہم اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ کراچی میں انویسٹی گیشن اور آپریشن کے شعبے کو الگ کرنے کا تجربہ کارگر نہیں رہا اسے دوبارہ یکجا کردینا چاہیے ۔ اجلاس میں کورنگی صنعتی علاقے میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔