اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت نے میری درخواست پر اسلام آباد میں ہونے والا سالانہ اجتماع ملتوی کردیا ہے‘ تبلیغی جماعت کا انتہائی مشکور ہوں‘ وفاقی دارالحکومت میں سیاحوں کے لیے پر امن اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے ٹورسٹ پولیس بنائی جا رہی ہے۔منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہعثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد نظر نہیں آ رہی‘ وزیراعظم وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ کھڑے ہیں‘ عمران خان 5 سال پورے کریںگے‘ پی ڈی ایم کچھ نہیں بگاڑ سکتی‘ یہ صرف کمپنی کی مشہوری میں مصروف تھے‘ جمعرات کو کابینہ اجلاس میں تبدیلی کا پتا چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو کوشش کرنی چاہیے کہ اچھے ہمسایوں کی طرح رہیں‘ کشمیر ہماری شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کوئی تفتان بارڈر نہیں، دونوں شہروں کی پولیس ایک دوسرے سے تعاون کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس دیگر فیڈریشن یونٹوں کے لیے رول ماڈل کے طور پر کام کرے گی‘ اسلام آباد پولیس کے لیے8 ڈرون خریدے جائیں گے۔ شیخ رشید نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریسیکیو 1122 ایمبولینس سروس میں مزید 25 گاڑیاں شامل کی جائیں گی۔ قبل ازیں آئی جی اسلام آباد نے وفاقی وزیر کو شہر میں مختلف مقامات پر نصب سیف سٹی کیمروں کے کام کرنے سے آگاہ کیا۔